مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے باعث حالات دن بدن خراب ہوتے جارہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 4 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آگئے ہیں۔ بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ چار لاکھ 12 ہزار سے زیادہ مریض سامنے آئے ہیں جب کہ 3979 افراد اس وائرس کے باعث ہلاک بھی ہوگئے۔
ریاست مہاراشٹر میں 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 920 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ کیرالہ میں ایک دن میں کورونا کے ریکارڈ تعداد میں کیسز سامنے آئے ہیں۔ ادھر بنگلور میں مثبت کیسز کی شرح 55 فیصد رہی، یعنی ٹیسٹ کے لیے جانے والا ہر دوسرا شخص کورونا سے متاثرہ نکل رہا ہے۔ ریاست اترکھنڈ کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں آکسیجن کی فراہمی بند ہونے پر پانچ مریض دم توڑ گئے جب کہ بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پادوکون بھی کورونامیں مبتلا ہوگئی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے دنیا بھر کے 46 فیصد کیسز صرف بھارت میں سامنے آئے اور ہر چار میں سے ایک موت بھارت میں ہوئی۔