مہر خبررساں ایجنسی نے اسپوٹنک کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے ایک ایسے قانون پر دستخط کردیئے ہیں جس سے انہیں مزید دو بار صدر کا انتخاب لڑنے کی اجازت مل گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق روس میں ہونے والی نئی قانون سازی کے تحت 22 برسوں سے ملک پر حکمرانی کرنے والے صدر ولادیمیر پوتین مزید دو بار صدارتی الیکشن لڑنے کے اہل ہوں گے۔
اس قانون میں مزید دو بار صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت سے روسی صدر پوتین کے 2036 تک صدر کے عہدے پر فائز رہنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ ولادیمیر پوتین کے موجودہ دور صدارت کی مدت 2024 میں ختم ہو رہی ہے۔
گزشتہ برس یکم جولائی کو ہونے والے عوامی ریفرنڈم میں 73 فیصد سے زائد کامیابی پر 67 سالہ صدر پوٹن کے 2036 تک ملک کا صدر رہنے کی عوامی اجازت حاصل ہوگئی تھی جو اب باقاعدہ ایک قانون بن گیا۔