مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے اپنے غیر قانونی اور غیر منصفانہ شرائط کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے حوالے سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی بحالی پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران جوہری معاہدے کی مکمل پاسداری کرے تو واشنگٹن دوبارہ معاہدے میں شامل ہوجائے گا۔
پیرس میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں امریکی وزیر خارجہ نے ویڈیو کال کے ذریعہ شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے ایران کو دیے گئے واضح پیغام کو دہراتے ہوئے کہا کہ ایران معاہدے میں شامل ہونا چاہتا ہے تو اسے 2015 کے جوہری معاہدے کے شرائط کو پورا کرنا ہوگا۔ ادھر ایران کا کہنا ہے کہ جوہری معاہدے سے امریکہ خآرج ہوا ہے ایران نہیں لہذآ امریکہ پہلے جوہری معاہدے کے مطابق اپنے وعدوں پر عمل کرے اس کے بعد مذاکرات مفید ثابت ہوں گے۔