بھارت کی ایک سرکاری کمیٹی کے مطابق آئندہ برس فروری تک ملک کی ایک ارب تیس کروڑ کی آبادی میں سے لگ بھگ نصف آبادی کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارت کی ایک سرکاری کمیٹی کے مطابق آئندہ برس فروری تک ملک کی ایک ارب تیس کروڑ کی آبادی میں سے لگ بھگ نصف آبادی کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔

انڈین انسٹیٹوٹ فار ٹیکنالوجی کانپور کے پروفیسر اور سرکاری کمیٹی کے رکن منندرا اگروال کہتے ہیں کہ ہمارے میتھیمیٹیکل ماڈل کے تخمینے کے مطابق اس وقت آبادی کا 30 فیصد حصہ وبا میں مبتلا ہوچکا ہے اور یہ فروری تک 50 فیصد ہوجائے گا۔

کمیٹی کے مطابق اس سے اس وبا کے پھیلاؤ میں کمی آنے میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ اس وقت بھارت میں 75 لاکھ افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور یہ امریکہ کے بعد دوسرا سب سے زیادہ وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد والا ملک ہے۔

تاہم ستمبر کے مہینے میں وبا کی پیک (بلند ترین شرح) کے بعد اب اس میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے چونکہ بھارت میں اب اوسطاً روزانہ 61 ہزار 390 نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔