فرانس میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران بڑھتے ہوئے نئے کیسز کی وجہ سے پیرس سمیت 9 شہروں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

مہر خـبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فرانس میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران بڑھتے ہوئے نئے کیسز کی وجہ سے پیرس سمیت 9 شہروں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کے دوران حکومتی ناقص کارکردگی کیخلاف تفتیش کے حکم پر وزیر صحت کے گھر کی تلاشی بھی لی گئی۔

ذرائع کے مطابق چند ماہ قبل فرانس کی عدالت نے حکومت کی جانب سے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے تاخیر سے اقدامات شروع کرنے، طبی آلات و سہولیات میں کمی اورغیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تفتیش کا حکم دیا تھا جس پر وزیر صحت اولیور ویرن اور نیشنل ہیلتھ ایجنسی کے ڈائریکٹر جیرومی سالمون کے گھر پر چھاپے مارے گئے اور تلاشی لی گئی۔

عدالتی حکم پر فرانس کے وزیراعظم جین کاسٹیکس سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم اور وزیر صحت نے کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے پیرس سمیت 9 شہروں میں کل رات 12 بجے سے صبح 7 بجے تک مکمل کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے 12 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

 واضح رہے کہ فرانس میں تاحال کورونا کے 7 لاکھ 50 ہزار 451 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 32 ہزار 780 ہوگئی ہے ۔