عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق دنیا بھر میں ہر 10 میں سے ایک فرد ممکنہ طور پر کورونا وائرس سے متاثر ہوچکا ہے اور ابھی مزید مشکل وقت کا سامنا ہوسکتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق دنیا بھر میں ہر 10 میں سے ایک فرد ممکنہ طور پر کورونا وائرس سے متاثر ہوچکا ہے اور ابھی مزید مشکل وقت کا سامنا ہوسکتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے ایمرجنسیز کے سربراہ ڈاکٹر مائیکل ریان کا کہنا تھا کہ ان کے 'بہترین تخمینے' کے مطابق دنیا بھر کی 10 فیصد آبادی ممکنہ طور پر کورونا وائرس سے متاثر ہوچکی ہے، یعنی اس وقت مصدقہ کیسز سے 20 گنا زیادہ تعداد۔

اس تخمینے کو مدنظر رکھا جائے تو 7 ارب 60 کروڑ کی عالمی آبادی میں سے 76 کروڑ سے زیادہ افراد اس وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 سے متاثر ہوچکے ہیں، جو کہ مصدقہ کیسز (ساڑھے 3 کروڑ سے زائد) سے کہیں زیادہ تعداد ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے کووڈ 19 کے حوالے سے قائم 34 رکنی ایگزیکٹیو بورڈ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مائیکل ریان نے کہا کہ یہ اعدادوشمار شہروں سے لے کر دیہات اور مختلف گروپس میں مختلف ہوسکتے ہیں، مگر اس کا مطلب یہ ہے کہ دنیا کی بڑی اکثریت تاحال خطرے کی زد میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوب مشرقی ایشیا کو کیسز میں اضافے کا سامنا ہے، جبکہ یورپ اور مشرقی بحیرہ روم کے خطے میں اموات کی شرح بڑھ رہی ہے، تاہم افریقہ اور مغربی پیسیفک میں صورتحال کسی حد تک مثبت ہے۔