پاکستان کے شہر لاہور اور کراچي میں پولیس نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد مارکیٹس سیل کردی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر لاہور اور کراچي میں پولیس نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد مارکیٹس سیل کردی ہیں۔

لاہور میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ نے متعدد مارکیٹس سیل کردی ہیں، لاہور کی شاہ عالم مارکیٹ کے داخلی راستے پر بیریئر لگادیے گئے اور لوگوں کو اندر جانے سے روک دیا گیا جب کہ اس موقع پر دکانداروں کی پولیس حکام سے تکرار بھی دیکھنے میں آئی۔

 ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پولیس نے انارکلی بازار، رنگ محل مارکیٹ، سوہا بازار، اکبری منڈی اور موچی گیٹ سمیت اندرون لاہور کی تمام بڑی مارکیٹیں کو بند کرادیا ہے، انتظامیہ کی جانب سے لاؤڈ اسپیکر پر گھر واپس جانے کے اعلانات کیے جارہے ہیں جب کہ دکانیں بند کرانے پر تاجروں کا احتجاج جاری ہے۔

 ڈی سی افضال دانش کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز کھلی دکانوں پر کورونا ایس او پیز کی عمل داری کو چیک کر رہے ہیں، اس کے علاوہ اے سی ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے چونگی امر سدھو اور فیروز پور روڑ پر کھلی دکانوں کی چیکنگ کی جہاں ایس او پی کی خلاف ورزی پر 7 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ ادھر پولیس نے کراچی ميں بھی اس سے قبل ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر متعدد مارکیٹس سیل کردی ہیں۔