مہر خبررساں ایجنسی نے افق کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے اور طالبان نے مزید 20 سکیورٹی اہلکاروں کو رہا کردیا ہے۔
اطلاعات کےمطابق افغان طالبان کےترجمان ذبیح اللہ مجاہد نےتصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افغانستان کے مشرقی صوبے لغمان میں 20 افغان سکیورٹی اہلکاروں کورہا کیا گیا،قیدیوں کو رہائی کے موقع پر نئے کپڑے اور کرایہ بھی ادا کیا گیا۔ ادھر افغان نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل کا کہنا ہے کہ افغان حکومت نے صدارتی حکم پر بگرام سے 361 طالبان قیدیوں کو رہا کردیا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ ہفتے افغان طالبان نے 20 سکیورٹی اہلکاروں کو رہا کیا تھا۔ قطر کے معاہدے کے مطابق افغان حکومت 5 ہزار طالبان قیدی آزاد کرے گی جبکہ طالبان دہشت گرد ایک ہزار سکیورٹی اہلکاروں کو رہا کریں گے۔