امریکہ کی جنوبی ریاستوں میں ہوا کے تیز رفتار بگولوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 33 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ درجنوں گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

 مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کی جنوبی ریاستوں میں ہوا کے تیز رفتار بگولوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 33 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ درجنوں گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق امریکی ریاستوں مسیسپی، جارجیا اور کیرولینا میں خراب موسم اور طوفانی بگولوں نے معمولات زندگی معطل کردی اور بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔ ریاست مسیسپی میں 15 ، جارجیا میں 8 اور کیرولینا میں 6 ہلاکتیں ہوئیں جب کہ دیگر ریاستوں سے بھی 2 ہلاکتوں کی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔

بارشوں سے قبل طوفانی بگولوں نے درجنوں گھروں کو مکمل طور پر تباہ کردیا۔ زیادہ تر ہلاکتیں گھروں کے ملبے تلے دب جانے کی وجہ سے ہوئی ہیں جب کہ کچھ ہلاکتیں درختوں اور ہورڈنگز گرنے سے ہوئی ہیں۔ مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔