حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے امریکہ کی طرف سے لبنانی اقتصاد کو نشانہ بنانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنانی عوام کے مطالبات سے گروہی اورسیاسی مفادات کے سلسلے میں استفادہ نہیں کرنا چاہیے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المنار کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے امریکہ کی طرف سے لبنانی اقتصاد کو نشانہ بنانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ  لبنانی عوام کے مطالبات سے گروہی اورسیاسی مفادات کے سلسلے میں استفادہ نہیں کرنا چاہیے۔ سید حسن نصر اللہ نے مرحوم علامہ سید جعفر مرتضی العاملی کی یاد میں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ سید جعفر مرتضی کے حوزہ علمیہ قم اور دینی مراجع عظام کے ساتھ قریبی تعلقات تھے اور انھوں نے دینی اور ثقافتی سطح پر گرانقدر خدمات انجام دیں ۔ سید حسن نصر اللہ نے لبنان کے سیاسی حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی وزیر اعظم اور حکومت نے ایسے وقت میں  استعفی دیا جب ہم چاہتے تھے کہ حکومت اپنی خدمات کو جاری رکھے اور وزير اعظم مستعفی نہ ہوں۔ سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ  لبنان میں ایک چھوٹی حکومت قائم کی جائے گی اور لبنانی عوام کو حکومت کا بھر پور تعاون کرنا چاہیے ۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ نے لبنان کے اقتصاد اور معاشی نظام کو نشانہ بنا رکھا ہے اور ہمیں امریکہ کی مذموم سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے باہمی اتحاد کی سخت ضرورت ہے اور ہم باہمی اتحاد و یکجہتی کے ساتھ امریکہ کی تمام سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔