مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے داعش دہشت گرد رہنما ابو بکر بغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ داعش دہشت گرد تنظيم کے سربراہ اوردنیا کے نمبر ون دہشت گرد ابو بکرالبغدادی کو امریکی فوج نے آپریشن میں ہلاک کردیا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ابوبکر بغدادی اپنے تین بچوں اور متعدد ساتھیوں کے ساتھ مارا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وائٹ ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ داعش کا سربراہ اور دنیا کا نمبرون دہشت گردابو بکر البغدادی امریکی فوج کے شام میں ہونے والے آپریشن میں مارا گیاہے ۔ اس کے ساتھ اس کے کئی ساتھی بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ آپریشن میں کوئی امریکی فوجی نہیں مارا گیا ، ابو بکر البغدادی اپنے بچوں کے ساتھ ایک ٹنل میں چھپا ہوا تھا اورآپریشن کے وقت اس نے خود کش دھماکہ کرکے اپنے تین بچوں کو بھی ہلاک کیا ۔ٹرمپ نے کہا کہ ابو بکر البغدادی کی لاش مسخ ہوچکی تھی ، ڈی این اے سے لاش کی شناخت ہوگئی ہے ۔ داعش کے باقی دہشت گرد بھی اسی انجام سے دوچار ہونگے ۔