مہر خبررساں ایجنسی نے المسیرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یمن کی اسلامی تنظیم انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالملک الحوثی نے سعودی عرب پرآج 10 ڈرونز کے ذریعہ ہونے والے ہوائی حملے کو یمنی جنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا دفاعی حملہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی عوام اپنے ملک کا بھر پور دفاع کریں گے اور یمنی فورسز کا اگلا ہدف امارات ہوگا۔
انصار اللہ کے سربراہ نے اپنے بھائی سید ابراہیم حوثی کی شہادت پر یمنی عوام کی طرف سے ہمدردی کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام کی قربانیاں یمن کو کامیابی سے ہمکنار کریں گی اور ہم یمن کا دفاع کرنے کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے تیار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کی تیل کی فیکٹری الشیبہ متحدہ امارات کی سرحد کے قریب ہے، جسے یمنی فورسز نے آج 10 ڈرون کے ذریعہ نشانہ بنایا ہے اور الشیبہ پر حملہ متحدہ عرب امارات کے لئے بھی واضح پیغام ہے، اگر امارات نے یمن جنگ سے علیحدگی اختیار نہ کی تو ہمارا اگلا ہدف امارات ہوگا۔
سید عبدالملک الحوثی نے کہا کہ سعودی عرب کی یمن پر مسلط کردہ جنگ کے دوران یمنی فورسز نے آج سب سے بڑا دفاعی ہوائی حملہ کیا ہے جس میں یمن کے 10 ڈرونز نے حصہ لیا اور اس حملے میں سعودی عرب کے تیل کی بڑی کمپنی آرامکو سے منسلک الشیبہ فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یمن پر سعودی عرب کی مسلط کردہ جنگ میں یمنی عوام کی کامیابی یقینی ہے کیونکہ اگر سعودی عرب کے ساتھ بڑا شیطان امیرکہ ہے تو ہمارے ساتھ ہمارا اللہ ہے اور اللہ والوں کی کامیابی یقینی ہے۔