مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ انڈین کانگریس کے تحسین پوناوالا نے بھارتی سپریم کورٹ میں کشمیر کے لاک ڈاؤن کے خلاف درخواست دائر کی ہے جس کی سماعت آج متوقع تھی لیکن بھارتی سپریم کورٹ نے درخواست کی سماعت 2 ہفتے کےلیے ملتوی کردی ہے۔ اس درخواست کی سماعت جسٹس ارون مشرا، جسٹس ایم آر شاہ اور جسٹس اجے رستوگی پر مشتمل تین رکنی بنچ کررہی ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ درخواست میں بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کو چیلنج نہیں کیا گیا بلکہ کشمیر میں کرفیو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیلی فون، موبائل، انٹرنیٹ اور ٹیلی ویژن چینلوں کی بندش اور دوسری پابندیاں ختم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
اسی درخواست میں بھارتی سپریم کورٹ سے یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ وہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد بھارتی آئین میں کشمیر کی حیثیت کے ازسرِنو تعین کے حوالے سے اعلی عدالتی کمیشن بھی قائم کرے جبکہ کشمیر کی سیاسی قیادت کو بھی رہا کیا جائے۔