مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ملک کے 22 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی، صدر ممنون حسین نے ان سے حلف لیا۔ وزیراعظم عمران کی تقریب حلف برداری کی تقریب میں مسلح افواج کےتینوں سربراہان اورسیاسی قیادت نے بھی شرکت کی۔حلف برداری تقریب میں عمران خان کی اہلیہ اور خاتون اول بشریٰ بی بی سفید رنگ کا عبایہ پہنے موجود ہیں، وہ عمران خان کے ہمراہ بنی گالہ سے ایوان صدر تشریف لائی ہیں، تاہم وہ علیحدہ گاڑی میں تھیں ۔عمران خان نے سیاہ رنگ کی شیروانی پہن کر وزیر اعظم پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔تقریب میں غیر ملکی سفیر بھی شریک ہیں، حلف برداری کے بعد نو منتخب وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔واضح رہے کہ عمران خان 22 سالہ سیاسی جدوجہد کے بعد وزارت عظمیٰ تک پہنچے ہیں، انہوں نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہونے والے لیڈر آف دی ہاؤس کے انتخاب میں شہباز شریف کے 96 ووٹوں کے مقابلے میں 176 ووٹ حاصل کیے تھے۔ گزشتہ روزعمران خان نے قومی اسمبلی میں قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ سب سے پہلے ملک اورقوم کولوٹنے والوں کے خلاف کڑا احتساب کروں گا اورکسی ڈاکو کو این آر او نہیں ملے گارائے شماری میں عمران خان کو تحریک انصاف کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ، بلوچستان عوامی پارٹی، مسلم لیگ (ق)، بلوچستان نیشنل پارٹی، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے ارکان نے ووٹ دیا۔
اجراء کی تاریخ: 18 اگست 2018 - 10:45
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ملک کے 22 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔