رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے عدلیہ کے سربراہ ، اعلی ججوں اور اہلکاروں کے ساتھ ملاقات میں عدلیہ میں سریع تبدیلی اور تحول پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: عوام کی رضایت اور خوشنودی حاصل کرنے کے لئے عدلیہ کا اپنے وظائف پر عمل بہت ضروری ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ آملی لاریجانی، اعلی ججوں اور اہلکاروں کے ساتھ ملاقات میں عدلیہ میں سریع تبدیلی اور تحول پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: عوام کی رضایت کے لئے عدلیہ کا اپنے وظائف پر عمل بہت ضروری ہے۔

رہبر عمظم انقلاب اسلامی نے ہفتہ عدلیہ کی مناسبت سے مبارکباد پیش کی اور شہید بہشتی اور عدلیہ کے دیگر شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ آملی لاریجانی کی طرف سے عدلیہ کی کارکردگی کے بارے میں رپورٹ کو جامع قراردیتے ہوئے فرمایا: اگر عدلیہ اپنے وظائف پر اچھی طرح عمل کرے اور لوگوں کے درمیان اختلافات کو حسن و خوبی کے ساتھ حل کرنے میں مدد فراہم کرے اور کرپشن میں ملوث افراد اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو  کیفر کردار تک پہنچانے میں قانون کے مطابق عمل کرے تو اس کام سے عوام کی رضایت حاصل کرنے میں مدد ملےگی۔ اگر عدلیہ اپنے ذمہ داریوں پر عمل کرنے میں ناکام ہوجائے یا ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرے تو اس سے عوام کے اندر اسلامی نظام کے بارے میں مایوسی اور عدم اعتماد کی فضا پیدا ہوگی۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: عدلیہ کو دشمنوں کے خلاف سختی کے ساتھ نمٹنا چاہیے جبکہ عوامی مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کے سلسلے میں اسلامی رافت و رحمت کو مد نظر رکھنا چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کرپشن کے خلاف عدلیہ کے اقدامات پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: عدلیہ کو کرپشن کے خلاف ٹھوس اور قاطع اقدامات عمل میں لانے چاہییں ۔ اور کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے اور کسی کو بیت المال میں دست اندازی کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکہ، فرانس اور برطانیہ کی طرف سے افریقہ اور دنیا کے دیگر ممالک میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئےفرمایا: مغربی ممالک آج بھی دنیا میں انسانی حقوق کو پامال کرنے میں سرفہرست ہیں اور انسانی حقوق کے بارے میں ان کے پروپیگنڈے جھوٹ پر مبنی ہیں۔