مہر خبررساں ایجنسی نے واشنگٹن پوسٹ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے اپنے خاوند اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے والے پناہ گزینوں کو ان کے بچوں سے علیحدہ کرنے کی ظالمانہ پالیسی پر آخر کار اپنیخاموشی توڑ دی۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق میلانیا ٹرمپ کی جانب سے بیان ان کی خاتون ترجمان اسٹفنی گریشم نے جاری کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ میلانیا ٹرمپ پناہ گزین خاندانوں سے ان کے بچے جدا کرنے کے عمل کو ناپسند کرتی ہیں اور انہیں امید ہے بارڈر کے اطراف دونوں فریقین پناہ گزینوں کے لیے اصلاحات نافذ کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم ایک ایسا ملک چاہتے ہیں جہاں قانون کی عملداری ہو لیکن ساتھ ہی ساتھ احساسات اور جذبات کا بھی خیال رکھا جائے۔ واضح رہے کہ امریکی ادارے ہوم لینڈ سیکیورٹی کے مطابق گزشتہ 6 ہفتوں میں امریکی سرحد پرغیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں تقریباً 2 ہزار بچے اپنےوالدین سے بچھڑ چکے ہیں۔