مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے ادارہ برائے توانائی اور ماحولیات کے سربراہ نے ایران کو یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدے سے علیحدگی کے باوجود یورپی ممالک اس معاہدے کو جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یورپین کمشنر برائے توانائی اور ماحولیات میگل اریاس کینیٹ نے تہران کا دورہ کیا اور ایرانی حکام کو اس فیصلے سے آگاہ کیا جبکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 28 ممالک پر مشتمل یورپی یونین ایرانی تیل کی درآمد کنندہ ہے اور اسے امید ہے کہ ایران کے ساتھ تجارت میں مزید اضافہ ہوگا۔
تہران میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میگل اریاس کینیٹ نے کہا کہ انہوں نے ایرانی حکام کو یہ پیغام پہنچا دیا ہے کہ اگر وہ اس معاہدے کو پورا کریں گے تو یورپی ممالک بھی اپنے وعدے پورے کریں گے۔ ذرائع کے مطابق یورپی یونین کی یقین دہانی پر بعض ایرانی حکام کو تحفظات ہیں کیونکہ یورپی یونین پر بھی امریکہ کا بڑا اثر ہے جس کی وجہ سے یورپی یونین بھی امریکی دباؤ میں مشترکہ ایٹمی معاہدے کو کسی وقت ختم کرسکتا ہے۔