پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے شاہد خاقان بطور وزیراعظم منی لانڈرنگ جیسے سنگین جرم پر آنکھیں کیسے بند کرسکتے ہیں اور اگر وہ سمجھتے ہیں کہ نواز شریف نے منی لانڈرنگ نہیں کی تو ان سے بڑا بیوقوف کوئی نہیں ہو سکتا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا  ہے شاہد خاقان بطور وزیراعظم منی لانڈرنگ جیسے سنگین جرم پر آنکھیں کیسے بند کرسکتے ہیں اور اگر وہ سمجھتے ہیں کہ نواز شریف نے منی لانڈرنگ نہیں کی تو ان سے بڑا بیوقوف کوئی نہیں ہو سکتا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ اب وزیراعظم ہارس ٹریڈنگ کے خلاف چیخ و پکار کررہے ہیں، کہا جارہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پیسے کا استعمال ہوا تاہم حکمران جماعت کو اتنی ہی فکر تھی تو تحریک انصاف کی تجویز کی حمایت کیوں نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کی تجویز دی، تحریک انصاف کی تجویز کا مقصد سینیٹ الیکشن میں غلط طریقہ کار کی روک تھام ہے، اگر ملک کا وزیراعظم سپریم کورٹ کے فیصلے کی تعظیم کرنے اور اسے تسلیم کرنے کو تیار نہیں تو دوسروں سے اسکی توقع کیسے ممکن ہے۔عمران خان نے وزیراعظم شاہد خاقان سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ کیا 10 ارب ڈالر سالانہ منی لانڈرنگ پاکستان کا ایشو نہیں،منی لانڈرنگ پاکستان کو معاشی طورپر تباہ کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی نظر میں نواز شریف منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں یا نہیں، اگر ہیں تو وہ بطور وزیراعظم منی لانڈرنگ جیسے سنگین جرم پر آنکھیں کیسے بند کرسکتے ہیں اور اگر وہ سمجھتے ہیں کہ نواز شریف نے منی لانڈرنگ نہیں کی تو ان سے بڑا بیوقوف کوئی ہو نہیں سکتا۔