ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی فوج پر 3 روز کے دوران دوسرے حملے میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی فوج پر 3 روز کے دوران دوسرے حملے میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کے علاقے کرن نگر میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے کیمپ پر 2 مسلح افراد نے حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن بھارتی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے انہیں اندر داخل ہونے سے روک دیا۔ جھڑپ کے دوران ایک بھارتی اہلکار مارا گیا جب کہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واضح رہے کہ کشمیر میں بھارتی فوج پر 3 روز کے دوران یہ دوسرا حملہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز جموں میں ہندوستانی فوج کی چھاؤنی سنجوان پر حملے میں 5 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جبکہ فورسز نے تین دہشت گردوں کو بھی ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔