سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس بریگیڈ کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی نے اپنے ایک پیغام میں عراق اور شام سے شجرہ خبیثہ داعش کی خلافت کے خاتمہ کا اعلان کرتے ہوئے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای اور دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے سپاہ نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس بریگیڈ کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی نے اپنے ایک پیغام میں عراق اور شام سے شجرہ خبیثہ داعش کی خلافت کے خاتمہ کا اعلان کرتے ہوئے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای  اور دنیا بھر کے تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

جنرل قاسم سلیمانی نے کہا کہ داعش کا شام کے شہر البوکمال سے بھی پرچم اکھاڑ کر پھینک دیا گیا ہے اور عراق و شام میں امریکی اور صہیونی دہشت گرد تنظیم داعش کا خاتمہ کردیا گيا ہے۔

جنرل قاسم سلیمانی نے کہا کہ 6 سال قبل امریکہ اور اسرائیل کی سرپرستی میں قائم ہونے والی دہشت گرد تنظیم داعش نے اسلامی ممالک بالخصوص عراق اور شام میں مسموم اور تلخ فتنہ کا آغاز کیا  اور عراق و شام میں اسلامی حکومت کے قیام کا نعرہ لگا کر دونوں ممالک میں بہت بڑا بحران پیدا کیا جس سے اسرائيل کو بہت بڑا فائدہ پہنچا ۔

انھوں نے کہا کہ داعش نے عراق اور شام میں  بڑی بے رحمی کے ساتھ  مسلمانوں اور غیر مسلمانوں  کا قتل عام کیا اور بڑے وسیع و عریض علاقہ میں اپنے قدم جما لئے ، اسے اس سلسلے میں امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کی بھر پور حمایت حاصل رہی ۔ داعش نے ہولناک ، وحشیانہ اور سنگین جرائم کی داستانیں رقم کیں جن میں بچوں کے  سر قلم کرنا، کھال اتارنا اور بچوں اور عورتوں کے سامنے ان کے مردوں کو قتل کرنا ، عورتوں کو کنیز بنانا ، عورتوں کی ہتک حرمت کرنا وغیرہ شامل ہیں۔ داعش نے اس فتنہ میں  ہزاروں مساجد ، اسکولوں، مزاروں ، اسپتالوں اور دیگر عمومی اور مقدس مقامات کو تباہ اور ویران کیا۔

 وہابی د ہشت گرد گروہ نے اسلام اور جہاد کے نام پر ہزاروں مسلمان جوانوں کو اپنی طرف کھینچ کر دہشت گرد بنایا ۔ امریکہ کے موجودہ صدر کے اعتراف کے مطابق داعش کو خود امریکہ  کی خفیہ ایجنسی اور امریکی حکام نے تشکیل دیا اور امریکی حکام کی اس پالیسی کا سلسلہ  ابھی بھی جاری ہے  وہ اسلامی ممالک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے اپنے شوم منصوبوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اللہ تعالی کے فضل و کرم ، پیغمبر اسلام اور اہلبیت علیھم السلام کے نظر عنایت اور ولی امر مسلمین حضرت ایت اللہ العظمی امام خامنہ ای نیز مرجع عالیقدر آیت اللہ سیستانی کے حکیمانہ ہدایات اور ارشادات کی روشنی ميں داعش کے شجرہ خبیثہ کو عراق اور شام میں شکست ہوگئی ہے داعش کی خلافت کا خاتمہ ہوگيا ہے جس میں عراق و شام ، ایران ،روس اور اسلامی مزاحمتی تنظیموں  حزب اللہ لبنان ، حشد الشعبی ، حیدریون، فاطمیون اور زینبیون نے اہم کردار ادا کیا ۔

جنرل قاسم سلیمانی نے کہا کہ میں  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ولی امر مسلمین اور دنیا کے تمام مسلمانوں کی خدمت میں اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔