اجراء کی تاریخ: 9 اکتوبر 2017 - 10:42

امریکہ نے ترکی میں اپنے سفارتخانے اور قونصل خانوں سے ترک شہریوں کے لئے ویزوں کا اجراء معطل کر دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نےایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ نے ترکی میں اپنے سفارتخانے اور قونصل خانوں سے ترک شہریوں کے لئے ویزوں کا اجراء معطل کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ترکی میں موجود امریکی سفارتی مشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے اس کے ایک ملازم کی گرفتاری کے بعد سکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ انقرہ میں امریکی سفارتخانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی میں پیش آنے والے حالیہ واقعہ  نے امریکی سفارتی عملے کے تحفظ کے حوالے سے ترکی کے عزائم پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں اور امریکہ اس کا از سر نو جائزہ لے رہا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اس دوران ترکی میں امریکی سفارتخانے اور قونصل خانوں میں لوگوں کی آمد کو محدود کرنے کے لیے فوری طور پر غیر معینہ مدت کے لیے ویزا سروسز معطل کردی گئی ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ترک حکام نے استنبول سے امریکی قونصل خانے کے ایک ملازم کو امریکہ میں خودساختہ جلاوطنی کاٹنے والے ترک مبلغ فتح اللہ گولن سے تعلقات کے شبہ میں حراست میں لے لیا تھا۔ امریکہ نے اس گرفتاری پر مذمت کرتے ہوئے ترکی کے اس الزام کو بے بنیاد اور تعلقات کے لیے نقصان دہ قرار دیا تھا۔ ترکی کے ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والا شخص ترک شہری ہے جسے جاسوسی اور آئین کو نقصان پہنچانے کے الزامات پر حراست میں لیا گیا ہے۔ ترکی جولائی 2016 میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کا الزام فتح اللہ گولن پر لگاتا ہے اور امریکہ سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ گولن کو ترکی کے حوالے کرے تاہم امریکہ اس مطالبے کو ماننے سے انکاری ہے۔