ہندوستان کے شہر ممبئی کے ریلوے اسٹیشن پر بھگڈر مچنے سے 22 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے شہر ممبئی کے ریلوے اسٹیشن پر بھگڈر مچنے سے 22 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ممبئی میں ایلفنسٹن ریلوے اسٹیشن پر بھگڈر مچنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ بعض افراد شدید زخمی ہیں جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔حکام کے مطابق کام کے اوقات میں ایلفنسٹن ریلوے اسٹیشن پر دفتر جانے والے لوگوں کا شدید رش ہوتا ہے اور بھگڈر مچنے کا واقعہ پیدل چلنے والوں کے پل پر پیش آیا جو دو اسٹیشنوں کو ملاتا ہے۔پولیس نے بتایا کہ 4 ٹرینیں ایک ساتھ آئیں جب کہ بارش بھی ہورہی تھی۔ بہت سارے لوگ ٹرینوں میں بیٹھنے کے لیے دوڑے جس کی وجہ سے بعض خواتین پھسل گئیں اور بھگڈر مچ گئی جبکہ متعدد لوگ پیروں کے نیچے آکر کچلے گئے ۔اس دوران ریلوے اسٹیشن اور پل پر اتنا ہجوم جمع ہوگیا کہ بعض افراد نے پل سے چھلانگیں لگادیں جس کے نتیجے میں کئی افراد کی ٹانگیں بھی ٹوٹ گئی ہیں اور شدید چوٹیں آئیں۔