مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے خاتم الانبیاء(ص) ایئر ڈیفنس بیس کے سربراہ بریگیڈير جنرل اسماعیلی اور دیگر اعلی فوجی حکام سے ملاقات میں فرمایا: خاتم الانبیاء(ص) ایئر ڈیفنس بیس ملک کی مضبوط دفاعی فرنٹ لائن ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے خاتم الانبیاء (ص) ايئر ڈیفنس میں مشغول بہادر، غیور، مؤمن اور متدین جوانوں اور اہلکاروں کے لئے فرنٹ لائن پر خطرات کا مقابلہ کرنے کو بہترین فرصت قراردیتے ہوئے فرمایا: خاتم الانبیاء (ص) ايئر ڈیفنس بیس میں اچھے اور بہترین کام انجام پذير ہوئے ہیں جن سے خاتم الانبیاء ایئر ڈیفنس بیس کے جوانوں کے پختہ عزم و حوصلے کا بخوبی پتہ چلتا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے با صلاحیت ، شجاع ،بہادر اور مؤمن جوانوں کو رکاوٹوں سے عبور کرنے کی اساس و بنیاد قراردیتے ہوئے فرمایا: ملک کی ترقی اور پیشرفت کے سلسلے میں مختلف شعبوں بالخصوص مسلح افواج میں نمایاں کام انجام پذیر ہوئے ہیں جو ایرانی سرزمین کے جوانوں کی علمی توانائی اور پختہ عزم و حوصلہ کا مظہر ہیں۔ رہبر معظم نے فرمایا: ایرانی جوان ایرانی قوم اور ملک کا بہترین سرمایہ ہیں جن سے ملک کی ترقی اور پیشرفت ميں بھر پور استفادہ کرنا چاہیے ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل خاتم الانبیاء ایئر ڈیفنس بیس کے سربراہ بریگیڈئر جنرل اسماعیلی نے رپورٹ پیش کی۔