رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے پانچ سالہ نئی مدت کے لئے مجمع تشخیص مصلحت نظام کے سربراہ اور ارکان کو منصوب کردیا ہے رہبر معظم نے اپنے حکم میں آیت اللہ ہاشمی شاہرودی کو مجمع تشخیص مصلحت نظام کا نیا سربراہ مقررکیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے پانچ سالہ نئی مدت کے لئے مجمع تشخیص مصلحت نظام کے سربراہ اور ارکان کو منصوب کردیا ہے رہبر معظم نے اپنے حکم میں آیت اللہ ہاشمی شاہرودی کو مجمع تشخیص مصلحت نظام کا نیا سربراہ مقررکیا ہے جبکہ ڈاکٹر محسن رضائی کو مجمع تشخیص مصلحت نظام کا سکریٹری برقرار رکھا ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں مجمع تشخیص مصلحت نظام کے سابق سربراہ اور سابق اراکین مرحوم آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی ، مرحوم حجۃ الاسلام واعظ طبسی ، مرحوم عسکر اولادی اور مرحوم جناب ڈاکٹر حسن حبیبی کی گرانقدر خدمات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لئے اللہ تعالی کی بارگاہ سے رحمت اور مغفرت طلب کی۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مجمع تشخیص مصلحت نظام کو ملک کا اہم قانونی ستون قراردیتے ہوئے فرمایا: مجمع تشخیص مصلحت نظام نے ملک کی کلی پالیسیاں وضع کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی مجمع کے ارکان مزید دقت کے ساتھ ملک کی پیشرفت اور ترقی کے سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔ واضح رہے کہ مجمع تشخیص مصلحت نظام کے اراکین میں ایران کی تینوں قوا کے سربراہان اور گارڈین کونسل کے اراکان کے علاوہ دیگر اہم شخصیات اور دانشور بھی شامل ہیں۔