پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔پی ٹی آئی  نے وکیل بابر اعوان کے توسط سے جمع کرائی گئی درخواست میں شہباز شریف اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا ہےجس کی سماعت کل (18 جون کو) جسٹس شاہد کریم کریں گے۔پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ شہباز شریف عوامی عہدہ رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے ذاتی کاروبار سے بھی منسلک رہے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے وزیراعظم نواز شریف کو 6 ارب روپے کے تحائف دیئے جن کا ذکر انہوں نے کسی منی ٹرایل میں نہیں کیا۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ پانامہ پیپرز کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ میں بھی شریف خاندان کے اثاثے آمدن سے مماثلت نہیں رکھتے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ شہباز شریف کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جائے۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے خاندانی شوگر ملز کے لیے بھی اثر و رسوخ کا استعمال کیا۔واضح  رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں وزیراعظم نواز شریف نے پاناما پیپر لیکس کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے کے عوض 10 ارب روپے کی پیشکش کی گئی تھی۔اس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے پاناما پیپر کیس کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے کے عوض 10 ارب روپے کی پیشکش کے الزام پر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف دائر کیا تھا۔