مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ قطر کے خلاف پابندیاں عائد کرنے والے 4 عرب ممالک مصر ، سعودی عرب ، بحرین اور امارات کے وزراء خارجہ نے اپنے اعلامیہ میں 13 مطالبات کے بارے میں قطر کے جواب پر افسوس اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری نے قاہرہ میں 4 عرب ممالک کے وزراہ خارجہ کے اجلاس کے بعد اعلامیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سب ممالک کو دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے ۔ اعلامیہ میں قطر کے بحران کو حل کرنے کے سلسلے میں کویت کی کوششوں کی تعریف کی گئی ہے لیکن قطر کے جواب پر مایوسی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قطر کی خطے کے حساس شرائط پر کوئی توجہ نہیں ہے ہم قطر کے جواب کو منفی سمجھتے ہیں قطر ابھی اپنی پالیسیوں سے پیچھے نہیں ہٹا بلکہ اس نے اپنی غلط پالیسیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔سعودی عرب ، بحرین اور امارات کے وزراء خارجہ نے بھی کہا ہے کہ قطر کے خلاف پابندیاں جاری رہیں گی ،اگر قطرنے اپنی پالیسیاں ترک نہ کیں تو اس کے خلاف مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ادھر قطر نے 4 عرب ممالک کے 13 مطالبات کو غیر اصولی، غیر منطقی اور قطر کی حاکمیت کے خلاف قراردیتے ہوئے رد کردیا ہے۔