مہر خبررساں ایجنسی نے ڈیلی حریت کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اوغلو نے قطر میں ترکی کے فوجی اڈے کو بند کرنے کے سلسلے میں سعودی عرب کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر اور ترکی کے باہمی تعلقات کا سعودی عرب سے کوئی تعلق نہیں، سعودی عرب کو خطے میں اپنی غلطیوں کی اصلاح کرنی چاہیے۔
ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی اور قطر دو مستقل ممالک ہیں اور یہ معاہدہ دو مستقل ممالک کے درمیان ہے جس کا سعودی عرب سے کوئی تعلق نہیں ۔ سعودی عرب کو اس معاہدے کا احترام کرنا چاہیے ۔ ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ میں نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر پر اس بات کو واضح کردیا ہے کہ سعودی عرب کو دوسرے ممالک کے باہمی تعلقات میں مداخلت بند کرکے خطے میں جاری اپنی غلطیوں کی اصلاح کرنی چاہیے۔