امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے 2016 کے صدارتی الیکشن میں روسی مداخلت کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر جیئرڈ کشنر کو بھی شاملِ تفتیش کرلیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے 2016 کے صدارتی الیکشن میں روسی مداخلت کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر جیئرڈ کشنر کو بھی شاملِ تفتیش کرلیا ہے۔امریکی سکیوریٹی ذرائع کے مطابق جیئرڈ کشنر نے دسمبر میں روسی سفارت کار سرگائی کزلیئک کے علاوہ ایک روسی بینکار سے بھی ملاقات کی تھی۔ ایف بی آئی حکام ان ملاقاتوں کی تفتیش کر رہے ہیں کیونکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح ان کے داماد بھی روسیوں کے ساتھ مبینہ طور پر خصوصی روابط رکھتے ہیں۔

اگرچہ گزشتہ ہفتے ہی سے ایسی اطلاعات موجود تھیں کہ صدر ٹرمپ کے ایک قریبی مشیر کے خلاف اعلی سطح کی تفتیش جاری ہے تاہم اس وقت ٹرمپ کے داماد جیئرڈ کشنر کا نام سامنے نہیں آیا تھا۔ ایف بی آئی حکام جیئرڈ کشنر کے علاوہ امریکی قومی سلامتی کے سابق مشیر مائیکل فلن اور ٹرمپ کی صدارتی انتخابی مہم کے نگراں پال مانافورٹ کے خلاف بھی تفتیش میں مصروف ہیں۔ البتہ فلن اور مانافورٹ اب اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوچکے ہیں جبکہ اس وقت صرف جیئرڈ کشنر ہی وہ اہم ترین زیرِ تفتیش شخصیت رہ گئے ہیں جو صدر کے داماد ہونے کے ساتھ ساتھ سرکاری امور بھی انجام دے رہے ہیں۔

سیکیوریٹی ذرائع کے حوالے سے امریکی میڈیا نے بتایا ہے کہ روسی روابط کے بارے میں ممکنہ طور پر جیئرڈ کشنر کے پاس کچھ بہت ہی اہم معلومات موجود ہیں جو تفتیش کو آگے بڑھانے میں مدد کرسکتی ہیں۔