مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے پاکستان میں گرفتار ہندوستانی شہری کلبھوشن یادو کی سزائے موت کے معاملے پر حکم امتناعی جاری کر دیا ہے۔عالمی عدالت انصاف کے جج رونی ابراہم نے کلبھوشن یادو کی سزائے موت رکوانے سے متعلق کیس کا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ عالمی عدالت انصاف کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادو کو 3 مارچ 2016 کو پاکستانی اداروں نے حراست میں لیا ہے اور 25 مارچ 2016 کو کلبھوشن یادو کا معاملہ منظر عام پر لایا گیا لیکن ہندوستان نے کلبھوشن یادو کو جاسوس ماننے سے انکار کیا اور اس وقت سے کلبھوشن یادیو کا معاملہ متنازع بنا ہوا ہے۔ عالمی عدالت انصاف کے مطابق بھارت کی جانب سے کلبھوشن تک قونصلر رسائی کے لئے متعدد درخواستیں کی گئیں لیکن پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ دہشت گرد تک قونصلر رسائی نہیں دی جا سکتی اور معاملہ پاکستان کی فوجی عدالت میں چلا گیا۔ پاکستان نے جنوری 2017 میں بھارت سے کلبھوشن کے معاملے میں رہنمائی مانگی اور کہا کہ قونصلر رسائی بھارت کے جواب سے منسلک ہے۔ پاکستانی عدالت نے اپریل میں کلبھوشن یادو کو سزائے موت سنائی اور پاکستانی قوانین کے مطابق کلبھوشن یادو کے پاس فیصلے کو چیلنج کرنے کے لئے 40 روز کا وقت تھا لیکن ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انہوں نے اپیل کی یا نہیں۔عالمی عدالت انصاف کے جج کا کہنا تھا کہ عالمی عدالت انصاف کلبھوشن کیس سننے کا اختیار رکھتی ۔ عالمی عدالت انصاف نے پاکستان سے کہا کہ کیس کا فیصلہ آنے تک کلبھوشن کو پھانسی نہ دی جائے اور پاکستان میں کلبھوشن یادو کی جان کو لاحق خطرات اور تحفظات دور کئے جائیں۔ اس کے علاوہ عدالت نے اپنے ابتدائی فیصلے میں کہا کہ ویانا کنوینشن کے آرٹیکل 36 کے تحت جاسوس بھی دیگر گرفتار افراد کی حیثیت میں آتے ہیں اور بھارت کو کلبھوشن تک قونصلر رسائی بھی ملنی چاہیے اور کلبھوشن یادیو کو ویانا کنویشن کے تحت قیدیوں کو حاصل تمام حقوق ملنے چاہئیں۔
اجراء کی تاریخ: 19 مئی 2017 - 00:19
عالمی عدالت انصاف نے پاکستان میں گرفتار ہندوستانی شہری کلبھوشن یادو کی سزائے موت کے معاملے پر حکم امتناعی جاری کر دیا ہے۔