ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی فورسز نے ضلع شوپیاں میں کارروائی کے دوران لڑکیوں سمیت100سے زائد افراد کو زخمی کردیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے کشمیر ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی فورسز نے ضلع شوپیاں میں کارروائی کے دوران لڑکیوں سمیت100سے زائد افراد کو زخمی کردیا۔  کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے ضلع کے علاقے ہیف شرمال کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کی، سکیورٹی اہلکاروں نے گھروں میں گھس کر عوام کو پریشان اور زد کوب کیا اور مارپیٹ کے نتیجے میں50 سے زائد خواتین اور بچوں سمیت100سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق بھارتی فورسزکے اہلکارو ں نے اس دوران معراج احمد گنائی اور خوشحال حامد نامی 2 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا، لوگوں نے سڑکوں پر آکر فوجی آپریشن کے خلاف زبردست مظاہرے کیے۔ بھارتی فورسزکے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے پیلٹ فائرنگ کی جس سے مزید کئی افراد زخمی ہوگئے۔ پیلٹ فائرنگ سے زخمی 20افرادکو پلوامہ، اسلام آباد اور زینہ پورہ کے اسپتالوں میں داخل کیاگیاجبکہ ایک شدید زخمی کو سری نگر کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا۔