مہر خبررساں ایجنسی نے حریت کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے ترکی میں ہونے والے ریفرنڈم پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو ترکی میں جمہوریت کے طریقہ کار پر سخت تشویش لاحق ہے۔
مارک ٹونر نے کہا کہ امریکہ ترکی میں جاری اصلاحات پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور امریکہ کو ترکی میں جمہوریت کے طریقہ کار پر سخت تشویش لاحق ہے۔ امریکی ترجمان نے کہا کہ امریکہ اور ترکی دو اتحادی ممالک ہیں اور ہم جمہوریت کے سلسلے میں ترک حکام کے ساتھ گفتگو کرتے رہتے ہیں۔ واضح رہے کہ ترکی میں صدارتی اور پارلیمانی نظامِ حکومت کے انتخاب کے لیے کل ریفرنڈم ہوا جس میں صدارتی نظام کے حامیوں کو معمولی اور متزلزل برتری حاصل ہوئی ہے ۔
ادھر ترکی کی دو بڑی اپوزیشن جماعتوں نے ترکی میں ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اپوزیشن کا اعتراض ہے کہ الیکشن کمیشن نے آخری لمحات میں ووٹنگ قوانین میں تبدیلی کی۔