امریکی ریاست ہوائی کے وفاقی جج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 6 مسلم ممالک پر لگائے گئے سفری پابندیوں کے نئے حکم نامے کو غیر معینہ مدت تک معطل کر دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی ریاست ہوائی کے وفاقی جج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 6 مسلم ممالک پر لگائے گئے سفری پابندیوں کے نئے حکم نامے کو غیر معینہ مدت تک معطل کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ریاست ہوائی کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ امریکی صدر کے فیصلے سے ملک میں سیاحت اور بین الاقوامی طلبہ کی آمد دونوں کا نقصان پہنچے گا۔ جس پر امریکی ریاست ہوائی کے وفاقی جج ڈیرک واٹسن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے سفری پابندیوں کے نئے حکم نامے کو غیر معینہ مدت کے لئے معطل کر دیا جس کا مطلب ہے کہ ٹرمپ سفری پابندی اس وقت تک لاگو نہیں کر سکیں گے جب تک مقدمہ عدالت میں ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سفری پابندیوں کے نئے حکم نامے کے تحت 6 مسلم ممالک کے شہریوں پر 90 روز کے لیے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی تھی جسے 5 ریاستوں نے چیلنج کیا تھا جب کہ اس سے قبل جنوری میں بھی ٹرمپ کی جانب سے مسلم ممالک کے شہریوں پر امریکہ میں داخلے پر پابندی کا حکم نامہ جاری کیا گیا تھا جسے عوامی احتجاج اور مختلف ریاستوں کی مخالفت کے بعد عدالت نے معطل کر دیا تھا۔