ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہندوستانی فورسز کی فائرنگ سے 2 کشمیری شہری ہلاک جبکہ 18 زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام  کشمیر میں ہندوستانی فورسز کی فائرنگ سے 2 کشمیری شہری ہلاک جبکہ 18 زخمی ہوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کشمیر میں ہندوستانی فورسز اور علیحدگی پسندوں کے درمیان ہونے والے جھڑپ کے بعد علاقے میں مظاہرے شروع ہوئے جو دیکھتے ہی دیکھتے تشدد کا رنگ اختیار کرگئے۔

انسپکٹر جنرل سید جاوید مجتبیٰ گیلانی کے مطابق پولیس اور فوجی اہلکاروں نے  شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر جموں و کشمیر کے جنوبی قصبے چاڈورہ کا محاصرہ کیا جس کے بعد جھڑپ شروع ہوگئی۔

انہوں نے کہا  کہ جب فورسز اور علیحدگی پسندوں کے درمیان جھڑپ شدید ہوگئی تو سیکڑوں افراد نعرے لگاتے ہوئے اس علاقے میں پہنچ گئے جہاں فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ لوگوں نے احتجاج کا سہارا لے کر پھنسے ہوئے علیحدگی پسندوں کو فرار کرانے کی کوشش کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے فورسز پر پتھراؤ شروع کردیا جس کے بعد پولیس نے بھی مظاہرین پر فائرنگ کردی اور اس کے نتیجے میں 2 شہری ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ پولیس اور فوج کے 8 اہلکار بھی اس واقعے میں زخمی ہوئے ہیں۔