ہندوستانی سکیورٹی فورسز نے کشمیر میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 3 مبینہ علیحدگی پسند ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے کشمیر ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی سکیورٹی فورسز نے کشمیر میں  2 مختلف کارروائیوں کے دوران 3 مبینہ علیحدگی پسند ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ امتیاز اسماعیل کے مطابق اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے سری نگر سے 25 کلو میٹر دور ہادورہ کے علاقے میں ایک گاؤں میں 2 مبینہ علیحدگی پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایک گھر کا محاصرہ کیا اس دوران اہلکاروں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 علیحدگی پسند ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا دعویٰ ہے کہ دونوں غیر ملکی تھے۔اطلاعات کے مطابق دوسری کارروائی کشمیر میں سندا بانی سیکٹر میں کی گئی، فورسز کا دعویٰ تھا کہ علیحدگی پسندوں کے گروپ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار کرنے کی کوشش کی، جسے بھارتی فوج نے ناکام بنادیا۔بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ فائرنگ سے ایک علیحدگی پسند ہلاک ہوا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے۔ واضح  رہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں کئی گروپ آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، جنہیں بھارتی حکومت اور فوج دہشت گرد پسند سمجھتی ہے۔