ترک ایئرلائن کا کارگو طیارہ قرقیزستان کے مانس ایئرپورٹ کے نزدیک آبادی پر گر کر تباہ ہوگيا جس کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک ہوگئےہیں ۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترک ایئرلائن کا کارگو طیارہ قرقیزستان کے مانس ایئرپورٹ کے نزدیک آبادی پر گر کر تباہ ہوگيا جس کے نتیجے میں  32 افراد ہلاک ہوگئےہیں ۔ اطلاعات کےمطابق ترک ایئرلائن کا بوئنگ 747 شدید دھند میں لینڈنگ کی کوشش کرتے ہوئے ایئرپورٹ کے نزدیک واقع ایک گاؤں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ قرق‍یزستان کی وزارت صحت کے مطابق حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار 17 مسافروں سمیت رہائشی علاقے کے 15 افراد بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ہانگ کانگ سے استنبول آنے والے ترک طیارے نے قرق‍یزستان کے دارالحکومت بشکیک کے نزدیک واقع مانس ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا تاہم قرق‍یزستان کے مقامی وقت کے مطابق 7 بج کر 31 منٹ پر شدید دھند اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے طیارہ لینڈنگ کی کوشش کرتے ہوئے تباہ ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق تباہ ہونے والے ترک طیارے نے گاؤں کی 15 عمارتوں کو نقصان پہنچایا جس کے نتیجے میں 15رہائشی افراد ہلاک ہوگئے۔