مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی نے ہی روسی ہیکرز کو اپنے کمپیوٹرز ہیک کرنے کا موقع فراہم کیا۔ اس نے کہا کہ بیرونی طاقتوں کی جانب سے کی جانے والی ہیکنگ انتخابات کے نتائج پراثرانداز نہیں ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تین خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے ہیکنگ سے متعلق جاری کردہ رپورٹ کے بعد انہوں نے ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس، سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی، فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن اور نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے سربراہان سے ملاقات کی اور ہیکنگ کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جس کے بعد ٹرمپ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بیرونی طاقتوں کی جانب سے کی گئی ہیکنگ کے صدارتی انتخابات کے نتائج پر کوئی اثر نہیں پڑا جب کہ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈیموکریٹک پارٹی نے ہی روسی ہیکرز کو اپنے کمپیوٹرز ہیک کرنے کا موقع فراہم کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس، چین اور دیگر ممالک اور لوگ امریکہ کے سرکاری اداروں، کاروبار اور تنظیموں کی ہیکنگ میں مصروف ہیں یہاں تک کہ ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے سائبر انفرااسٹرکچر کو توڑنے کی کوششوں میں مصروف ہیں تاہم مجھے یقین ہے کہ صدارتی انتخابات کے دوران ہونے والی ہیکنگ کے نتائج پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ادھرامریکی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روسی صدر ولادی میرپیوتن نے صدارتی انتخابات پر اثرانداز ہونے کے احکامات جاری کئے جس کے لئے سائبر حملے کرنے کے علاوہ سوشل میڈیا صارفین کو معاوضہ دے کر انہیں استعمال کیا گیا اور ایک منظم طریقے سے ایک جماعت کو فائدہ پہنچانے کے لئے سرکاری ملازمین، تھنک ٹینک اور این جی اووز کا سہارا لیا گیا۔