ترک پولیس نے استنبول میں کارروائی کرتے ہوئے 6 مغوی پاکستانی شہریوں کو بازیاب کرالیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترک پولیس نے استنبول میں کارروائی کرتے ہوئے 6 مغوی پاکستانی شہریوں کو بازیاب کرالیا ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ترک پولیس حکام نے استنبول میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کو اس بات کی تصدیق کی کہ پولیس کی جانب سے کی جانے والی کارروائی میں 6 پاکستانیوں کو بازیاب کرایا گیا۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق ترک پولیس نے جن 6 پاکستانیوں کی بازیابی کی اطلاع دی ان میں فضل امین، عدیل احمد، محمد ذیشان، عابد، عثمان علی اور اشبر احمد شامل ہیں۔پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق ترک حکام اب کیس کو نمٹانے کے لیے قانونی تقاضے پورے کررہے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی قونصلیٹ کے حکام ترک پولیس سے رابطے میں ہیں اور انہوں نے بازیاب ہونے والے پاکستانی شہریوں تک رسائی کی درخواست کی ہے۔