ہندوستان میں کانگریس پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندرمودی کرپشن میں ملوث ہیں،میں نے ایوان میں زبان کھولی تو”زلزلہ“آجائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان میں کانگریس پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندرمودی کرپشن میں ملوث ہیں،میں نے ایوان میں زبان کھولی تو”زلزلہ“آجائے گا۔ اطلاعات کے مطابق بھارت میں کانگریس پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس کچھ ایسی معلومات ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خود وزیراعظم نریندر مودی بدعنوانی میں ملوث ہیں، ان معلومات کو لوک سبھا میں پیش کروں گا لیکن حکومت ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دے رہی ہے۔
راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ اس نکشاف سے نریندر مودی کا غبارہ پھٹ جائے گا،وزیر اعظم ڈرے ہوئے ہیں، وہ بحث سے بھاگ رہے ہیں، انھیں بہانے بنانا بند کرنا چاہیے۔

واضح رہے راہول گاندھی نے گذشتہ ہفتے بھی کہا تھا کہ اگر انھیں پارلیمان میں بولنے دیا گیا تو 'زلزلہ' آ جائے گا لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اگر ان کے پاس کوئی مستند معلومات ہےںتو وہ اس کا انکشاف پارلیمان میں ہی کیوں کرنا چاہتے ہیں۔راہل گاندھی کے دعوے کو حکومت نے یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایوان کی کارروائی حزب اختلاف نے روک رکھی ہے اور حکومت بحث کے لیے ہر وقت تیار ہے۔