مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کی پراسیکیوٹر نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی فوج اور خفیہ ایجنسی سی ائی اے کے اہلکاروں پر جنگی جرائم میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت میں استغاثہ کی سربراہ اعلی فاتو بنسودا کی ایک ابتدائی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکی اہلکاروں نے ممکنہ طور پر 88 گرفتار شدگان پر شدید تشدد کیا اور ان سے وحشیانہ سلوک روا رکھا۔ ان کی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ ’’بظاہر امریکی مسلح افواج کے ارکان نے 61زیرحراست افراد پر تشدد کیا، ان سے ظالمانہ سلوک روا رکھا،ایسا ظالمانہ سلوک جوکسی کے ذاتی وقار اور عزت نفس کی توہین ہے،یہ جرائم افغانستان کے علاقے میں یکم مئی 2003 سے دسمبر2014 کے عرصے کے دوران کیے گئے۔ پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ وہ جلدیہ فیصلہ کریں گی کہ آیا افغانستان میں ان جرائم کی بھرپور تفتیش کی جائے یا نہیں جو کہ جنگی جرائم کے الزامات کا پتہ دے سکتے ہیں۔