ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فورسز کی فائرنگ سے 100 سے زائد کشمیری شہری زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے انڈین ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فورسز کی فائرنگ سے 100 سے زائد کشمیری شہری زخمی ہوگئے ہیں۔اطلاعات  کے مطابق انڈین فورسز نے شوپیاں اور آننت ناگ میں نکالی جانے والی دو ریلیوں کو منتشر کرنے کیلئے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔اس واقعہ کے بعد مشتعل مظاہرین  نے شوپیاں میں منی سیکریٹریٹ کی عمارت کو نذر آتش کردیا جس میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر سمیت کئی حکومتی محکموں کے دفاتر قائم ہیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ اور چھروں کا بھی استعمال کیا، اسپتال ذرائع شوپیاں کے سرکاری ہسپتالوں میں 60 کے قریب زخمیوں کو لایا گیا جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔ 20 افراد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی جن میں سے 9 شدید زخمی افراد کو سری نگر منتقل کردیا گیا جبکہ مزید زخمیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔کشمیر کے جنوبی علاقے آننت ناگ میں ڈاکٹرز نے بتایا کہ چھ زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا جن کے جسم پر چھروں کے زخم موجود ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی آننت ناگ میں فورسز کی فائرنگ سے ایک کشمیری نوجوان ہلاک ہوگیا تھا۔