ہندوستان نے باضابطہ طور پر پاکستان کو آگاہ کردیا ہے کہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی رواں ہفتہ پاکستان میں ہونے والے سارک اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے بنگلہ دیش کے وزیر خزانہ بھی سارک اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے ۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان نے باضابطہ طور پر پاکستان کو آگاہ کردیا ہے کہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی رواں ہفتہ پاکستان میں ہونے والے سارک اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے بنگلہ دیش کے وزیر خزانہ بھی سارک اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے ۔سفارتی ذرائع کے مطابق ارون جیٹلی کی غیر موجودگی میں اقتصادی امور کے سیکریٹری شکتی کانتا داس جمعرات کو شروع ہونے والے 2 روزہ  اجلاس میں ہندوستانی وفد کی قیادت کریں گے۔جمعہ 26 اگست کو ہونے والے سارک کے وزارئے خارجہ کے اجلاس سے قبل فنانس سیکرٹریز کا اجلاس منعقد ہوگا۔ہندوستانی وزیر خزانہ کی علاقائی بلاک کے اس اجلاس میں شرکت کی توقع کی جا رہی تھی تاہم اب ہندوستانی حکومت کا یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔ اس کے علاوہ، بنگلہ دیش کے وزیر خزانہ ابو المال محیط بھی اس اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، ابو المال محیط نے فروری میں بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے ایک بیان میں پاکستان کو دھوکے باز ریاست کہا تھا۔بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے خزانہ ایم اے مینن اس اجلاس میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔ اس سے قبل بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ اسد الزمان خان کمال نے بھی سارک وزرائے داخلہ کے اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی۔ سارک وزرائے خزانہ کے اجلاس میں خطے میں تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے، سارک ڈیولپمنٹ فنڈ کے آپریشن اور انفرا سٹرکچر کی ترقی کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس دوران نیپال میں ہونے والے ساتویں وزراء خزانہ کے اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلوں پر عمل کرنے پر جائزہ لیا جائے گا۔