پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے پاک ۔ ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ ایران نے منصوبے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کردی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے پاک ۔ ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ ایران نے منصوبے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کردی ہیں۔ ایرانی سفیر نے پشاور میں صحافیون سے گفتگو میں  طالبان رہنما ملا منصوراختر کی ہلاکت کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئےکہا کہ کوئٹہ ڈرون حملے میں مارے جانے والے شخص کا پاسپورٹ ولی محمد کے نام سے تھا، ایسے میں ہم کس طرح کہہ سکتے ہیں کہ وہ طالبان امیر ملا اختر منصور ہی تھا؟انہوں نے کہا کہ ایسے شواہد نہیں ملے کہ ملا اختر منصور یا ولی محمد ایران سے آرہے تھے۔ ہنر دوست نے کہا کہ ایران نے ولی محمد نامی شخص کے پاسپورٹ پر ویزہ جاری کیا تھا، اگر اصلی پاسپورٹ ولی محمد کا تھا تو ہم کس طرح کہہ سکتے ہیں مارا جانے والا طالبان رہنما تھا۔ گرفتار ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادیو کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایران نے پاکستان کو کلبھوشن یادیو کے حوالے سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔مہدی ہنر دوست کا پاک ۔ ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے کہنا تھا کہ اس منصوبے سے پاکستان کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا، جبکہ ایران نے منصوبے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کردی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چابہار بندرگاہ اور ہندوستان کے ساتھ تجارت کے حوالے سے غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں اور اس حوالے سے جو اعداد و شمار بتائے جارہے ہیں وہ حقائق سے کہیں زیادہ ہیں، جبکہ چابہار بندرگاہ جو بھی استعمال کرنا چاہتا ہے ہم اسے خوش آمدید کہتے ہیں۔