ہندوستان نے ایک بار پھر پاکستان پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام لگاتے ہوئے سرحد پار سے دراندازی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان نے ایک بار پھر پاکستان پر دہشت گردوں کی حمایت کا الزام لگاتے ہوئے سرحد پار سے دراندازی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ نے دہلی  میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو دفتر خارجہ طلب کیا اور الزام لگایا کہ پاکستان ہندوستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے جس کو فوری طور پر بند کیا جائے۔ بھارتی سکریٹری خارجہ جے شنکر نے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط سے ملاقات میں بھارت میں پاکستان کی جانب سے دراندازی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں کشمیر میں گرفتار ہونے والے بہادر علی کا تعلق پاکستان سے ہے اور اس کے کالعدم لشکر طیبہ سے روابط ہیں جب کہ اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

ادھر پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان لائن آف کنٹرول پر دراندازی کا ہندوستانی الزام سختی سے مسترد کرتا ہے ۔