سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل محمد علی جعفری نے ملک کے سرحدی علاقوں میں امن و سلامتی اور سکیورٹی کی صورتحال کو سپاہ کی کوششون اور حکمت عملی کا نتیجہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ سپاہ نے ملک کے مغرب میں دہشت گردوں کی تمام کوششوں کو ناکام بنادیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی اردو سروس کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل محمد علی جعفری نے ملک کے سرحدی علاقوں میں امن و سلامتی اور سکیورٹی کی صورتحال کو سپاہ کی کوششون اور حکمت عملی کا نتیجہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ سپاہ نے ملک کے مغرب میں دہشت گردوں کی تمام کوششوں کو ناکام بنادیا ہے۔ میجر جنرل جعفری نے صوبہ کردستان اور صوبہ مغربی آذربائیجان  میں سپاہ کے مراکز کا دورہ کرتے ہوئے سرحدوں پر سکیورٹی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے سرحدی علاقوں میں امن و اماں اور سلامتی کا قیام سپاہ کی حکمت عملی اور پالیسی کا نتیجہ ہے سپاہ نے سرحد پر سرگرم دہشت گردوں کی تمام حرکتوں اور کوششوں کو ناکام بنادیا ہے اور اس سلسلے میں سپاہ نے بے نظیر فداکاری اور مجاہدت کا ثبوت فراہم کیا ہے ۔ جنرل جعفری نے کہا کہ اپنے شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانا سپاہ کے فرائض میں شامل ہے ۔

میجر جنرل جعفری نے ایمان ،معنویت اور انقلابی عمل کو سپاہ کی کامیابی کے اصلی رموز بیان کرتے ہوئے کہا کہ سپاہ ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے آمادہ ہے سپاہ اور عوام کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور یہی تعلق عوام کی سکیورٹی کا اصلی ضامن ہے صوبہ کردستان اور مغربی آذربائیجان کے عوام نے دہشت گردوں کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بنانے میں سپاہ کے ساتھ اہم کردار ادا کیا ہے اور سرحدی عوام  آج اپنے گھروں میں بیٹھ کر آرام و سکون سے زندگی بسر کررہے ہیں۔

میجر جنرل جعفری نے کہا کہ دشمن ایرانی عوام کے امن و سکون کو سلب کرنے کی تلاش و کوشش کررہا ہے جبکہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے عوام کے بارے میں  دشمن کی اس ناپاک کوشش کو ناکام بنادیں۔

اطلاعات کے مطابق اس سفر میں سپاہ کی بری فوج کے سربراہ جنرل پاکپور، خاتم الانبیاء فوجی تعمیری کیمپ کے سربراہ جنرل عباداللہ عبداللہی اور حمزہ سید الشہداء فوجی کیمپ کے سربراہ جنرل اصانلو  بھی سپاہ کے سربراہ میجر جنرل جعفری کے ہمراہ تھے۔