ریپبلکن پارٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو 8 نومبر 2016 میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے باضابطہ طور پر اپنا امیدوار نامزد کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی  کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ریپبلکن پارٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو 8 نومبر 2016  میں  ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے باضابطہ طور پر اپنا امیدوار نامزد کردیا ہے۔ امریکی ریاست اوہائیو کے شہر کلیولینڈ میں جاری رپبلکن کنونشن میں ووٹنگ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے ریاست نیویارک کی جانب سے اپنے والد کی حمایت کا اعلان کیا، جس کے بعد انھیں صدارتی نامزدگی کے لیے درکار 1237 سے زیادہ مندوبین کی حمایت حاصل ہوگئی اس کے بعد ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر پال رائن نے رپبلکن پارٹی کی جانب سے باضابطہ طور پر صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کا اعلان کردیا۔ ٹرمپ کے حامی کل مندوبین کی تعداد 1725 رہی جب کہ ان کے قریب ترین حریف ٹیڈ کروز صرف 475 مندوبین کی حمایت ہی حاصل کرپائے۔ نامزدگی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ صدارتی امیدوار نامزد کرنا اعزاز کی بات ہے اور میں سخت محنت کروں گا اور امریکی عوام کو مایوس نہیں کروں گا۔

واضح رہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ہیلری کلنٹن مضبوط ترین صدارتی امیدوار ہیں اور امید ہے کہ امریکہ کے آئندہ صدر کے لئے ڈونلڈ ٹرمپ اور ہیلری کلنٹن کے درمیان مقابلہ ہوگا۔