مہر خبررساں ایجنسی نے المنار کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان نے اپنے ایک بیان میں مدینہ منورہ اور قطیف میں مسجدوں پر وہابی دہشت گردوں کے بہیمانہ اور مجرمانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہابی دہشت گردوں نے رمضان المبارک کے آخری ایام میں حرمین شریفین کی حرمت کو پامال کیا ہے۔
حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہابی سنگدلوں نے مسلمانوں کے مقدس ترین مقام مسجد نبوی پر حملہ کرکے ثابت کردیا ہے کہ انھیں دین مبین اسلام اور پیغمبر اسلام(ص) سے کوئي لگاؤ نہیں اور وہ مغربی مفادات کے تحفظ کے لئے اسلامی ممالک میں عدم استحکام پیدا کررہے ہیں۔
حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بغداد ، استنبول، ڈھاکہ اور مدینہ منورہ پر وہابی تکفیری دہشت گردوں کے حملوں سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گردی کا سنجیدگی کے ساتھ مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اور دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے ممالک کو اب دہشت گردوں کی حمایت ترک کردینی چاہیے۔