مہر خبررساں ایجنسی نے حریت کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترکی کے شہر استنبول میں خودکش بم حملوں کے بعد خصوصی پولیس فورس کی قیادت میں انسداد دہشت گردی کی ٹیموں نے داعش سے منسلک 13 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔استنبول میں اتاترک ایئرپورٹ پر حملہ کرنے والے خودکش بمباروں کی شناخت کے بعد ملک بھر میں چھاپے کے دوران 3 غیرملکیوں سمیت 13 داعش دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق استنبول میں خودکش بم حملوں کے بعد خصوصی پولیس فورس کی قیادت میں انسداد دہشت گردی کی ٹیموں نے شہر میں بیک وقت 16 مقامات پر چھاپا مار کارروائیاں کیں جس کے دوران مختلف مقامات سے 3 غیرملکیوں سمیت 13 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان پر الزام ہے کہ وہ شام میں داعش کے ارکان سے رابطے میں تھے اور وہ داعش کے لیے دہشت گرد بھرتی کرتے،ان کے لیے رقوم کا بندوبست کرتے اور انہیں لاجسٹک مدد فراہم کرتے تھے۔ واضح رہے کہ 28 جون کو داعش کے 3 خودکش بمباروں نے اتاترترک ائیر پورٹ کے باہر پہلے فائرنگ کی اور پھر ان میں سے دو ٹرمینل کی عمارت میں گھس گئے جہاں 2 بمباروں نے خود کو دھماکوں سے اڑا لیا جس کے بعد تیسرے بمبار نے داخلی دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑایا جس کے نتیجے میں 43 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ ذرائع کے مطابق ترکی خود داعش کا سب سے بڑا حامی اور مددگار رہا ہےلیکن چاہ کن را چاہ درپیش۔
اجراء کی تاریخ: 1 جولائی 2016 - 17:09
ترکی کے شہر استنبول میں خودکش بم حملوں کے بعد ترکی کی پولیس نے داعش دہشت گرد تنظیم سے منسلک 13 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔