سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان میں تاکید کی ہےکہ بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیل کی نابودی کے آثار نمایاں ہوگئے ہیں اور اسرائیل آئندہ 25 سال کے دوران علاقائي جغرافیہ سے محو ہوجائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان میں تاکید کی ہےکہ بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیل کی نابودی کے آثار نمایاں ہوگئے ہیں اور اسرائیل کی ظالم و جابر حکومت آئندہ 25 سال کے دوران علاقائي جغرافیہ سے محو ہوجائے گا۔ سپاہ نے بیان میں کہا ہے کہ حضرت امام خمینی (رہ) نے 37 سال قبل رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم قدس کے نام سے موسوم کرکے مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنادیا اور اس طرح انھوں نے ہمیشہ کے لئےعالم اسلام کی توجہ مسئلہ فلسطین کی طرف مبذول کردی،  آج عالم اسلام پہلے کی نسبت ہر لحاظ سے قوی ، مضبوط اور سامراجی طاقتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے اور انقلاب اسلامی ایران کے سائے میں مسئلہ فلسطین حل ہوجائے گا اسرائیل کی خونخوار ، ظالم و جابر اور بچوں کی قاتل حکومت صفحہ ہستی سے محو ہوجائے گي اور فلسطینی قوم کو اسرائیل کی خونخوار اور ظالم حکومت سے نجات مل جائے گی۔سپاہ پاسداران نے تمام مسلمانوں بالخصوص ایرانی عوام سے یوم قدس کی ریلیوں میں بھر پور شرکت کرنے کی سفارش کی ہے۔