مہر خبررساں ایجنسی سومریہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے ترکی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق کے شہر موصل میں ترکی کی ہر قسم کی مداخلت داعش کے علاوہ ایک بڑی جنگ میں تبدیل ہوجائےگی۔
عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ ترکی کو ہمسایہ ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور اپنی توسیع پسندانہ پالیسیوں کو ترک کردینا چاہیے۔
عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ عراق میں دہشت گردی کو فروغ دینے میں بعض ہمسایہ ممالک کا ہاتھ نمایاں ہے جو دہشت گردوں کی مدد کرکے ہمسایہ ممالک میں عدم استحکام پیدا کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دوسرون کے تجربات سے استفادہ کرنے میں کوئی نقص و عیب نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ عراق کے عوامی رضاکار دستے عراقی فوج کے ہمراہ عراقی سرزمین کا چپہ چپہ داعش دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔
عراقی وزیر اعظم نے بغداد میں سعودی عرب کےسفیر ثامر السبھان کو بھی متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ سفارتی آداب کی رعایت کریں اور اپنی سفارتی ذمہ داریوں سے باہر قدم رکھنے کی کوشش نہ کریں۔