مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں حضرت علی علیہ اسلام کا یوم شہادت عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے اسم وقع پر ملک کےچھوٹے بڑے شہروں میں مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ کراچی میں جلوس سے پہلے ایم اے جناح روڈ اوراطراف کی سڑکیں بند کردی گئی ہیں۔ لاہور میں مرکزی جلوس منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ کراچی میں حضرت علیؓ کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہاہے ۔ جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
کراچی میں یوم علیؓ کا مرکز ی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔ جلوس کے شرکاء امام بارگاہ علی رضا پر نماز ظہرین ادا کریں گے ۔جلوس اپنے روایتی گزرگاہوں نمائش چورنگی ، ایم اے جناح روڈ، تبت سینٹر، بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہوگا۔
لاہورمیں حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت کا مبارک حویلی سے برآمدہونےوالامرکزی جلوس اپنےمقررہ راستوں پرانی کوتوالی،سنہری مسجد،رنگ محل،سید مٹھابازار،ٹبی سٹی اور اندرون بھاٹی گیٹ سے ہوتاہواشام کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کراختتام پذیر ہوگا.5ہزارسےزائد پولیس اہلکاراور آفیسرزجلوس کےساتھ ساتھ اور راستوں پرسکیورٹی کےفرائض انجام دے رہےہیں۔
جلوس کے موقع پرسیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئےگئےہیں،تمام داخلی اور خارجی راستوں اور روٹ پرآنےوالی عمارتوں پر پولیس تعینات کی گئی ہے۔
داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں جبکہ شرکاء کی ایک سے زائد مقامات پر تلاشی لی جارہی ہے۔جلوس کی مانیٹرنگ کےلیے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں ۔ٹریفک پولیس نےجلوس کے راستوں کےاردگرد ٹریفک کی آمد و رفت بندکر دی ہے جبکہ ان راستوں پر مارکیٹیں بھی بند کرادی گئی ہیں۔
نواب شاہ میں یوم علیؓ کا مرکزی ماتمی جلوس حیدری اما م بارگاہ جام صاحب روڈ سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتاہوا نماز فجر میں مرتضوی امام بارگاہ موہنی بازار پر اختتام پذیر ہوا۔
کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں یوم شہادت حضرت علیؓ کے حوالے سے ماتمی جلوس نکالا گیا۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے،حضرت علی ؓ کی یو م شہا دت کے حوالے سے ذوالجناح ،علم اور تعزیوں کا ماتمی جلوس ہزارہ ٹاؤن کے علاقے علی چوک سے بلوچستان شیعہ کانفرنس کے سینئر نائب صدر سید مسرت آغا کی قیادت میں نکالا گیا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا علی چوک پر اختتام پذیر ہوا۔
ملتان میں حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت کے سلسلہ میں 12 ماتمی جلوس برآمد کئے جا رہے ہیں۔ دو ماتمی جلوس انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں جبکہ مرکزی ماتمی جلوس مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے۔
اجراء کی تاریخ: 27 جون 2016 - 13:44
پاکستان کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں حضرت علی علیہ اسلام کا یوم شہادت عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے اسم وقع پر ملک کےچھوٹے بڑے شہروں میں مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔